ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / لوک سبھا انتخابات کے نتائج: انڈیا بلاک اور این ڈی اے میں کانٹے کی ٹکر؛ کس کو ملے گا اقتدار ؟

لوک سبھا انتخابات کے نتائج: انڈیا بلاک اور این ڈی اے میں کانٹے کی ٹکر؛ کس کو ملے گا اقتدار ؟

Tue, 04 Jun 2024 16:17:07    S.O. News Service

نئی دہلی 4/جون (ایس او نیوز) 543؍ پارلیمانی حلقوں کے ووٹ گننے کا عمل جاری ہے۔ میڈیا میں آرہی خبروں سے اندازہ لگایا جارہا ہے کہ کانگریس پارٹی نے اِس بار پچھلے انتخابات کے مقابلے میں  کافی ا چھی  کارکردگی کا مظاہرہ پیش کیا ہے۔ 2019  کے مقابلے میں کانگریس نے  اِس بار تقریباً دوگنی سیٹوں پر جیت درج کرنے کے قریب ہے۔اور اب تک ملی اطلاع کے مطابق  کانگریس نے سو سیٹوں پر برتری حاصل کررکھی ہے۔ انڈیا الائنس   کے لئے سب سے بڑی خبر اُترپردیش سے آئی ہے جہاں سماج وادی پارٹی   34 سیٹوں پر آگے چل رہی ہے اور یہاں بی جے پی کو سب سے بڑا دھچکا لگا ہے۔

اُترپردیش میں انڈیا اتحاد کی کامیابی نے  این ڈی اے  کی تمام اُمیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔ مغربی بنگال اور مہاراشٹرا میں بھی انڈیا اتحاد نے کافی بہتر پرفارمینس پیش کیا، یہاں تک کہ تمل ناڈو میں جہاں وزیراعظم نریندرمودی نے  دس سے زائد ریلیاں نکالیں اور بی جے پی کے لئے ووٹ مانگے، لیکن تمل ناڈو میں بی جے پی کا کھاتہ نہیں کھل سکا، البتہ کیرالہ میں بی جے پی کو ایک سیٹ پر جیت  حاصل ہونے کی خبر ہے۔

شام 4.30 بجے تک تک ملی اطلاعات کے مطابق ،انڈیا الائنس اور این ڈی اے کے درمیان کانٹے کی ٹکر دیکھی جارہی تھی۔ بھلے ہی بی جے پی کی این ڈی اے  296 سیٹوں پر آگے چل رہی تھی، اور انڈیا الائنس 235 سیٹوں پر آگے  تھی۔ لیکن این ڈی اے  کی بعض پارٹیوں کو انڈیا الائنس میں لینے کی کوششیں بھی تیزہوگئی ہیں،  ایسے میں جوڑ توڑ کی سیاست   کا کام جاری ہے۔

بتاتے چلیں کہ بی جے پی اور این ڈی اے کو سب سے بڑا فائدہ بہار او راندھرا پردیش میں ملتا نظر آرہا ہے،  بہار میں نتیش کمار کی جے ڈی یو کو 14 سیٹوں پر کامیابی ملتی نظر آرہی ہے اور آندھرا میں   تیلگو دیشم پارٹی  16 سیٹوں پر آگے ہے۔ خبریں آرہی ہیں کہ  نتیش کمار کی جے ڈی یو اور آندھرا کی تیلگو دیشم پارٹی کو انڈیا الائنس  میں شامل کرنے کی کوششیں  کی جارہی ہیں، اگر ایسا ہوتا ہے  تو انڈیا الائنس   اقتدار پر قابض ہوسکتی ہے۔


Share: